دفاع وطن میں عظیم قربانی دینے والے شہداء پاکستان کو سلام

Calender Icon بدھ 18 فروری 2026

لاہور (نیوز ڈیسک)دفاعِ وطن میں عظیم قربانیاں دینے والے شہداء پاکستان کو سلام پیش کیا گیا۔ لاہور میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ برسوں کے دوران شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کے لواحقین کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں کور کمانڈر پشاور نے خصوصی طور پر شرکت کی اور شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے وطن کیلئے دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے آغاز پر پاک فوج کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

اس موقع پر کور کمانڈر پشاور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں وطن کی سلامتی کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم کبھی اپنے شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتی اور ان کے خاندانوں کی عزت و تکریم ہر پاکستانی پر قرض ہے۔

تقریب کے دوران شہداء کے لواحقین نے اس اعزاز کو اپنے لیے باعثِ فخر قرار دیا اور کہا کہ انہیں اپنے پیاروں کی قربانی پر ناز ہے جنہوں نے وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانیں نچھاور کیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس طرح کی تقریبات کا مقصد شہداء کے خاندانوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں یہ یقین دلانا ہے کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔