کولمبو: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کےآل راؤنڈر شاداب خان کاکہنا ہے کہ بھارت سے شکست پر بہت باتیں ہو رہی ہیں، ہمارا فوکس ایک میچ پر نہیں، ورلڈکپ جیتنے پر ہے۔
کولمبو میں نمیبیا کے خلاف 102 رنز سے کامیابی حاصل کرنے کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےآج کے میچ کو آسان نہیں لیا تھا، ایک میچ پر بہت باتیں ہو رہی ہیں، ہمیں وہ میچ جیتنا چاہیے تھا، ہمارا فوکس ایک میچ پر نہیں،ورلڈ کپ جیتنے پر ہے۔
انہوں نےکہا کہ سابق کرکٹرز کی اپنی رائے ہے، وہ لیجنڈز رہے ہیں، ورلڈ کپ میں وہ بھی وہ کچھ نہیں کر سکے جو ہم کر چکے ہیں ہم نے ورلڈ کپ میں بھارت کو ہرایا ہوا ہے۔
شاداب نے کہاکہ ہم پراسیس پر عمل کر رہے ہیں، ہم جو اچھی چیزیں کرتے آرہے ہیں ہمیں انھیں جاری رکھنا ہوگا، ہمیں اسی طرح بیٹنگ کرنا ہوگی۔ صاحبزادہ فرحان اچھی فارم میں ہیں۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ سپر 8 مرحلہ مشکل ہوگا پریشر والے میچز ہوں گے۔کنڈیشنز کے لحاظ سے تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، ایسا نہیں کہ ہم زیادہ تجربات کر رہے ہیں، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں آج کل زیادہ آل راؤنڈز ہی ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان نے نمیبیا کو با آسانی 102 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔












بدھ 18 فروری 2026 