اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایس آئی ایف سی کے اصلاحاتی اقدامات سے پاکستان میں توانائی کی پیداوار میں تاریخی اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ ایس آئی ایف سی کی مؤثر معاونت اور رہنمائی کے باعث توانائی کے شعبے میں اہم اور دیرپا کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق او جی ڈی سی ایل ملک میں یومیہ توانائی پیداوار میں اضافے کے لیے غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدوں اور جدید تکنیکی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔ اسی سلسلے میں او جی ڈی سی ایل نے کنڑ اور پاساکھی آئل فیلڈز میں جدید واٹر انجیکشن سسٹمز کے قیام کے لیے فرانسیسی کمپنی SNF S.A. کے ساتھ ایک اہم معاہدہ کیا ہے۔
اس معاہدے کے تحت متعلقہ فیلڈز کی مجموعی پیداوار میں 9 ملین بیرل خام تیل اور 3 بلین کیوبک فٹ گیس کے اضافے کی توقع ہے، جس سے قومی خزانے کو تقریباً 460 ملین ڈالر آمدنی حاصل ہونے کا امکان ہے۔ او جی ڈی سی ایل نے جدید تکنیکی اقدامات کے ذریعے خام تیل کی یومیہ پیداوار کو 750 بیرل تک پہنچا دیا ہے۔
حکام کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد پرانی فیلڈز کی اضافی استعداد کو مؤثر انداز میں بروئے کار لانا اور مقامی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔ توانائی کی پیداوار میں یہ نمایاں اضافہ خود انحصاری کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی خود کفالت اور معاشی استحکام کو بھی مضبوط بنائے گا۔
ایس آئی ایف سی کی مؤثر ہم آہنگی اور پالیسی رہنمائی کے باعث توانائی کے شعبے میں ہونے والی یہ پیش رفت ملکی ترقی کے لیے ایک مثبت اور حوصلہ افزا قدم قرار دی جا رہی ہے۔












جمعرات 19 فروری 2026 