راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں مقامی آبادی کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ کا مقصد دور دراز علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو بنیادی اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔
فری میڈیکل کیمپ میں شہریوں کو گائناکالوجسٹ، سرجن، میڈیکل اسپیشلسٹ اور چائلڈ اسپیشلسٹ کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اس کے علاوہ مقامی افراد کو ایکسرے اور لیبارٹری جیسی جدید طبی سہولیات سے بھی مستفید ہونے کا موقع ملا۔
میڈیکل کیمپ میں آرمی ڈاکٹرز اور ماہر ہیلتھ اسٹاف پر مشتمل ٹیموں نے مریضوں کا تفصیلی طبی معائنہ کیا۔ کیمپ میں تقریباً 150 بچوں سمیت 700 سے زائد افراد کو مفت چیک اپ کے ساتھ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔
شمالی وزیرستان کے شہریوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں اس نوعیت کے طبی کیمپ کا قیام ان کے لیے ایک نعمت ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے عوام کو نہ صرف فوری طبی سہولت میسر آتی ہے بلکہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ بھی مضبوط ہوتا ہے۔












جمعرات 19 فروری 2026 