ننھی بچی آئینہ وزیر کی بولنگ کا چرچا، زلمی ویمن لیگ میں شامل

Calender Icon جمعرات 19 فروری 2026

خیبر پختون خوا کے ضلع شمالی وزیرستان کی تحصیل شیوا سے تعلق رکھنے والی کم عمر بچی آئینہ وزیر اپنی شاندار فاسٹ بولنگ کے باعث سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔

آئینہ وزیر نے مقامی بچوں کے کرکٹ میچ کے دوران تیز رفتار اور متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر تیزی سے پھیل گئی۔

صارفین نے ان کی صلاحیتوں کو سراہا ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔


مقامی کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تاہم مناسب سہولتیں اور مواقع نہ ہونے کے باعث دیہی اور دور دراز علاقوں کے باصلاحیت کھلاڑی آگے نہیں بڑھ پاتے۔

وائرل ویڈیو دیکھنے کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں غیر معمولی باصلاحیت کھلاڑی قرار دیا۔


انہوں نے اعلان کیا کہ آئینہ وزیر کو آئندہ زلمی ویمن لیگ کا حصہ بنایا جائے گا۔

جاوید آفریدی کا ایکس پر پیغام میں کہنا ہے کہ زلمی ویمن لیگ کا مقصد لڑکیوں کو کھیلنے، اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور دیگر بچیوں کے لیے مثال بننے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

مزید برآں انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئینہ کو تمام ضروری کرکٹ ساز و سامان اور تربیتی سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔

جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل بھی کی کہ آئینہ وزیر کی رابطہ معلومات شیئر کی جائیں تاکہ ٹیم براہِ راست ان سے رابطہ کر سکے۔