پشاور میں آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 کامیابی سے جاری

Calender Icon جمعہ 20 فروری 2026

پشاور(نیوز ڈیسک) آئی ایس پی آر کے زیرِ اہتمام ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 پشاور میں کامیابی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں کور کمانڈر پشاور نے انٹرن شپ پروگرام میں شریک طلبہ کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں خیبر پختونخوا کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

نشست کے دوران کور کمانڈر پشاور نے طلبہ کو صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور پاک فوج کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو ملکی سلامتی کے تقاضوں اور قومی ذمہ داریوں سے باخبر رہنا چاہیے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کے لیے مثبت کردار ادا کر سکیں۔

طلبہ نے پاک فوج کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے خصوصاً معرکۂ حق میں دشمن کے خلاف جرأت و استقامت پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ طلبہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے مثبت بیانیے کے محافظ بن کر قومی مفادات کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

طلبہ کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیکیورٹی مسائل پر تفصیل سے آگاہ کیے جانے کے بعد ان کی قومی اور علاقائی معاملات پر فہم و فراست میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دشمن کے پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے۔

نشست کے اختتام پر طلبہ نے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے کامیاب انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے پروگرام نوجوانوں میں قومی شعور اور ذمہ داری کے احساس کو مزید مضبوط کریں گے۔