چینی نئے سال کی آمد پر سی پیک کے چینی ملازمین کے لئے شاندار تقاریب کا انعقاد

Calender Icon اتوار 22 فروری 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چینی نئے سال کی آمد کے موقع پر سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی ملازمین کے لیے پاکستان میں شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستانی حکام نے اپنے آہنی دوستوں کے اعزاز میں خصوصی تقریبات، عشائیے اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا تاکہ چینی شہری اس اہم تہوار کی خوشیاں وطن سے دور ہونے کے باوجود محسوس کر سکیں۔

تقاریب میں متعدد چینی شہریوں نے اپنے اہلِ خانہ کے بغیر شرکت کی، لیکن پاکستان میں سی پیک کے مختلف منصوبوں پر ان کے لیے منعقدہ تقریبات جوش و خروش سے بھرپور رہیں۔ پاکستانی سینئر حکام نے بھی تقریب میں شرکت کر کے چینی شہریوں کے ساتھ یکجہتی اور خیر سگالی کا اظہار کیا۔

اسپورٹس گالا، ثقافتی پروگرامز اور خصوصی عشائیوں کے ذریعے چینی نئے سال کی خوشیوں کو دوبالا کیا گیا۔ ماہرین کے مطابق، پاکستان میں چینی نئے سال کی تقریبات کا انعقاد سی پیک منصوبوں سے وابستہ چینی افراد کے ساتھ یکجہتی اور تعاون کا عملی مظہر ہے۔

ماہرین نے کہا کہ سی پیک دونوں ممالک کی معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے اور چینی نئے سال کی تقریبات پاکستان اور چین کے درمیان دوستی اور باہمی اعتماد کو مزید مستحکم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔