اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سپیشل کمیونیکیشنز آرگنائزیشن (ایس سی او) ملک میں مواصلاتی رابطے بہتر بنانے کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور بالخصوص دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہی ہے۔ ایس سی او کی کاوشوں سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام جدید مواصلاتی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وادیٔ اشکومن کے علاقے ہاسِس میں ایس سی او کی جانب سے 4G سروس کی فراہمی نے علاقے کی تقدیر بدل دی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ پہلے فری لانسنگ سے وابستہ افراد کو کام کے لیے گلگت یا راولپنڈی جانا پڑتا تھا، تاہم اب وہ اپنے ہی علاقے سے آن لائن کام کر سکتے ہیں۔
شہریوں کے مطابق بیرونِ ملک کام کرنے والے افراد بھی 4G سروس کی بدولت اپنے اہلِ خانہ سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایس سی او کا انٹرنیٹ نہ صرف تیز رفتار ہے بلکہ نیٹ ورک بھی قابلِ اعتماد ہے، جس سے وہ انتہائی مطمئن ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بہتر مواصلاتی سہولیات کے باعث آن لائن کام کے مواقع بڑھے ہیں جس سے معاشی حالات میں بھی بہتری آئی ہے۔ مقامی افراد نے مواصلات کے شعبے میں ایس سی او کی خدمات کو سراہتے ہوئے حکام کا شکریہ ادا کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مزید علاقوں تک بھی ایسی سہولیات جلد فراہم کی جائیں گی۔












پیر 23 فروری 2026 