کوئٹہ (نیوز ڈیسک) حوصلے کی مثال اور عزم کی پہچان بلوچستان کی بیٹی شازیہ بتول نے معذوری کو شکست دے کر تعلیمی اور سماجی میدان میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی شازیہ بتول آج نوجوانوں اور خصوصی افراد کیلئے مشعلِ راہ بن چکی ہیں۔
تمغۂ امتیاز حاصل کرنے والی شازیہ بتول کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مشکلات کو کمزوری نہیں بلکہ اپنی طاقت سمجھا۔ ان کے مطابق عزم، صبر اور مستقل مزاجی وہ اوصاف ہیں جن کے ذریعے ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمت جواں ہو تو جسمانی رکاوٹیں خوابوں کی تکمیل میں حائل نہیں ہو سکتیں۔
شازیہ بتول کا مزید کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان کی جانب سے “پرائیڈ آف آنر” ملنا ان کی خدمات کا قومی سطح پر اعتراف ہے، جو باصلاحیت افراد کیلئے حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو ہر اس فرد کیلئے پیغام قرار دیا جو مشکلات کا بہادری سے سامنا کر رہا ہے اور ہمت نہیں ہارتا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمت، ایمان اور محنت کے ذریعے ہر منزل حاصل کی جا سکتی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے نمایاں افراد کی حوصلہ افزائی اس عزم کی عکاس ہے کہ صلاحیتوں کو مواقع اور قومی سطح پر اعتراف فراہم کیا جائے۔












پیر 23 فروری 2026 