تہران (ویب ڈیسک)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران سرینڈر کا مطلب نہیں جانتا، اپنی سرزمین کی خلاف ورزی قبول نہیں کریں گے۔
تہران میں پریس بریفنگ میں اسمعایل بقائی کا کہنا تھا کہ حق دفاع استعمال کرتے ہوئے کسی بھی جارحیت کے خلاف ردعمل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کوطویل اور تھکا دینے والے مذاکرات سےکوئی فائدہ نہیں، کسی بھی ایٹمی معاہدے کے لیے ایرانی قوم کےمفادات سرخ لکیر ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ خطے میں یورپی فوجی دستوں کو دہشت گرد سمجھا جائے گا، محدود حملوں سمیت کوئی بھی امریکی کارروائی جارحیت سمجھی جائے گی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعودپزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت کے حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں، امریکی اقدامات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے ایرانی صدر مسعودپزشکیان نے کہا کہ ایران خطے میں امن اور استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔ حالیہ مذاکرات میں عملی تجاویز کا تبادلہ ہوا اور حوصلہ افزا اشارے ملے ہیں۔
ایرانی صدر نے کہا کہ ہم امریکا کے اقدامات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اورکسی بھی ممکنہ صورتِ حال کے لیے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔












پیر 23 فروری 2026 