ایران پر حملے کے بعد امریکی صدر ٹرمپ کا پہلا بیان آگیا

Calender Icon ہفتہ 28 فروری 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکا نے ایران کے خلاف بڑا آپریشن شروع کر دیا ہے، ہم ایران کی بحریہ کو ختم کرنے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارا مقصد ایرانی حکومت سے آنے والے خطرات کو ختم کر کے امریکی عوام کا دفاع کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ دیر پہلے امریکی فوج نے ایران کے خلاف بڑا فوجی آپریشن شروع کر دیا ہے، ایران جوہری ہتھیار نہیں رکھ سکتا، ایران نے جوہری پروگرام دوبارہ شروع کرنے کی کوشش کی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بنا رہا ہے جو امریکا اور دوسروں کے لیے خطرہ ہے، ہم ایران کے میزائل اور میزائل انڈسٹری تباہ کر دیں گے۔

امریکی صدر نے کہا کہ یقینی بنائیں گے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے، امریکا نے خطے میں امریکی اہلکاروں کے لیے خطرے کو کم کرنے کے لیے ہر ممکنہ قدم اٹھایا ہے، امریکا کا جانی نقصان ہو سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاسداران انقلاب گارڈز ہتھیار ڈال دیں، آپ سے مکمل استثنیٰ کے ساتھ اچھا سلوک ہوگا، یا آپ کو یقینی موت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ اسرائیل نے اچانک ایران پر حملہ کر دیا ہے، جس کے بعد تہران کئی دھماکوں سے گونج اٹھا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران کے دارالحکومت تہران میں متعدد اسرائیلی میزائل یونیورسٹی اسٹریٹ اور جمہوری ایریا پر گرے ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران کے مضافات اور کئی مقامات سے دھویں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دیے ہیں، افراتفری کی صورتِ حال دیکھنے میں آ رہی ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ یورینیم کی افزودگی نہ کرے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ اس حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں ایران کے مؤقف سے مطمئن نہیں تھے۔