کراچی میں حالات کے پیشِ نظر کئی سڑکوں کو کنٹینر اور دیگر رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا، جبکہ شارعِ فیصل کے پاس سے رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شارعِ فیصل پر ایف ٹی سی کے پاس رکاوٹیں ہٹا کر ٹریک کھول دیا گیا، اس سے قبل شارعِ فیصل پر ایف ٹی سی سے جناح اسپتال موڑ تک جانے والا ٹریک ٹریفک کے لیے بند تھا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نمائش چورنگی پر ٹریفک کی روانی معمول کے مطابق ہے۔
ادھر پی آئی ڈی سی چوک سے ایم ٹی خان روڈ جانے والا پل کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔
ایم ٹی خان روڈ پر سلطان آباد کے مقام پر بھی کنٹینرز رکھ کر سڑک بند کر دی گئی۔
بوٹ بیسن سے مائی کولاچی بائی پاس جانے والا راستہ بھی کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ایم ٹی خان روڈ سے پی آئی ڈی سی روڈ اور مائی کلاچی روڈ ریلوے پھاٹک تک بند ہے۔
واضح رہے کہ امریکا و اسرائیل کے حملے میں ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف گزشتہ روز مشتعل افراد نے کراچی میں امریکی قونصل خانے پر دھاوا بول دیا۔
توڑ پھوڑ کرنے کے بعد مشتعل مظاہرین نے قونصل خانے کو آگ لگا دی، قونصل خانے کی سیکیورٹی پر مامور گارڈ کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ کر دی گئی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے 10 افراد جاں بحق اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔












پیر 2 مارچ 2026 