سابق بھارتی کپتان سنیل گواسکر اور روی شاستری نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سُپر ایٹ مرحلے میں بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان میچ کے دوران ڈرنکس بریک میں ہونے والے لیزر شو کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ایڈن گارڈنز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ کے دوران پاور پلے کے اختتام پر 3 منٹ کے وقفے میں اسٹیڈیم کی روشنیاں مدھم کر کے لیزر شو پیش کیا گیا جس پر دونوں سابق کرکٹرز نے اعتراض کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اچانک روشنی تبدیل ہونے سے بیٹرز کی توجہ اور نظر متاثر ہو سکتی ہے۔
کمنٹری کے دوران سنیل گواسکر نے کہا کہ ایسے شوز کھلاڑیوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں کیونکہ اندھیرے کے بعد دوبارہ تیز روشنی میں آنکھوں کو ایڈجسٹ کرنا آسان نہیں ہوتا۔
اُنہوں نے سوال اٹھایا کہ عالمی ٹورنامنٹ جیسے سنجیدہ مقابلے میں اس قسم کی تفریح کی ضرورت کیوں ہے؟
روی شاستری نے بھی گواسکر کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے وقفے کے بعد دوبارہ مکمل توجہ کے ساتھ کھیل میں واپس آنا آسان نہیں ہوتا، خاص طور پر جب میچ انتہائی اہم مرحلے میں ہو۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 195 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں بھارت نے ہدف 19.2 اوورز میں حاصل کر لیا تھا۔
بھارت اب 5 مارچ کو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں سیمی فائنل میں انگلینڈ کا مقابلہ کرے گا۔












پیر 2 مارچ 2026 