امریکی و اسرائیلی جارحیت، ایران فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت کرے گا یا نہیں؟

Calender Icon پیر 2 مارچ 2026

ایران کی فٹبال ٹیم نے امریکا میں ہونے والے آئندہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت سے متعلق خاموشی توڑ دی۔

ایرانی فٹبال فیڈریشن کے صدر مہدی تاج کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر ایران کا 2026ء ورلڈ کپ میں شرکت کرنا ’غیر متوقع‘ دکھائی دیتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں امریکا کی جانب سے ایران پر بمباری مہم شروع کیے جانے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے، ایران نے متحدہ عرب امارات، قطر اور اسرائیل میں امریکی اڈوں پر جوابی حملے بھی کیے ہیں۔

ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق مہدی تاج نے کہا ہے کہ جو کچھ ہوا اور امریکا کے حملے کے بعد ایسا لگتا ہے کہ ہم ورلڈ کپ کے بارے میں پُرامید نہیں ہو سکتے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ کھیلوں کے حکام نے کرنا ہے۔

دوسری جانب فیفا کے سیکریٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹروم نے صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ایک میٹنگ ہوئی ہے اور اس مرحلے پر تفصیلی تبصرہ قبل از وقت ہو گا، تاہم ہم صورتِحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ 2026ء میکسیکو، کینیڈا اور امریکا میں منعقد ہو گا، جبکہ ایران کے گروپ مرحلے کے تینوں میچز امریکا میں شیڈول ہیں۔

امریکی صدر ٹرمپ کی سفری پابندیوں کے باعث ایرانی شہریوں پر امریکا کے سفر پر پہلے ہی پابندی عائد ہے، جس کے تحت امیگرنٹ اور عارضی ویزوں پر پابندیاں لگائی گئی تھیں، ایسے میں ایران کے ممکنہ بائیکاٹ کی قیاس آرائیاں بھی زور پکڑ رہی ہیں۔

ایران کو گروپ مرحلے میں بیلجیئم، نیوزی لینڈ اور مصر کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ اس کا پہلا میچ 16 جون کو شیڈول ہے۔