وزیر اعظم شہباز شریف کا عمان کے سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ،ایران اسرائیل کشیدگی پرتبادلہ خیال

Calender Icon پیر 2 مارچ 2026

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آج عمان کے سلطان عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے ایران پر اسرائیل کے حملے کے تناظر میں بگڑتی ہوئی موجودہ علاقائی صورتحال، جس کی وجہ سے پورے خطے کا امن و سلامتی خطرے میں پڑ گئی، پر تبادلہء خیال کیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یہ کشیدگی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ ایران کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں، جن میں عمان نے فعال کردار ادا کیا ،جاری تھیں۔ ان حملوں نے نہ صرف اہم سفارتی عمل کو پٹڑی سے اُتارا بلکہ خطے میں بات چیت کو فروغ دینے اور کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مزید کشیدگی کو روکنے اور سفارتی اقدامات کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے جگہ پیدا کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ عمان کے ثالثی کردار کے لیے اپنی گہری تعریف کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے مسقط کی جانب سے علاقائی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مکالمے کو آسان بنانے اور اعتماد سازی کی تعمیری کوششوں پر عزت مآب سلطان ہیثم بن طارق کی تعریف کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عمان کی متوازن سفارت کاری خطے میں استحکام پیدا کرنے کے لئے اہم ہے۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطے میں رہنے اور امن کی بحالی اور دیرپا علاقائی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سفارتی اقدامات کی حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔