افغان طالبان کے حملے ،پاک افواج نے جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا ہے،عطا تارڑ

Calender Icon منگل 3 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے آپریشن غضب للحق کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک افواج نے افغان طالبان کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا ہے۔ بیان کے مطابق یہ خصوصی اپڈیٹ 3 مارچ، صبح 10 بجے جاری کی گئی۔

بلوچستان میں صورتحال

وزیرِ اطلاعات کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن کے اضلاع میں مجموعی طور پر 16 مقامات پر زمینی حملے کیے جبکہ 25 مقامات پر فائر ریڈ کی کارروائیاں کی گئیں۔

تمام مقامات پر ان حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کے ایک جوان نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ پانچ جوان زخمی ہوئے۔

خیبر پختونخوا میں کارروائیاں

خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی جبکہ 12 مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا، جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا۔

وزیرِ اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے۔

مزید کارروائیاں جاری

عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں اور آپریشن کی تفصیلی اپڈیٹ کچھ دیر بعد جاری کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی جارحیت کا جواب پوری قوت سے دیا جا رہا ہے۔