اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا

Calender Icon منگل 3 مارچ 2026

اسلام آباد ( ملک نجیب ) اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ فوجداری کیس کے سلسلے میں بانی پی ٹی آئی کی شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیے جانے سے متعلق متفرق درخواست پر دو رکنی بنچ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے پوئے جواب طلب کر لیا ۔ مرکزی اپیل بھی دس مارچ کو مقرر کرنے کی ہدایات جاری کر دیں ۔

سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس خادم حسین سومرو نے کی۔ دوران سماعت رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد کردہ اعتراضات بھی عدالت کے سامنے رکھے گئے۔ عدالت کے استفسار پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ اعتراض اٹارنی کی تصدیق شدہ کاپی فراہم نہ کرنے سے متعلق ہے۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ دو اعتراضات درست ہیں، جس کے بعد عدالت نے درخواست کو باقاعدہ نمبر لگانے کی ہدایت جاری کی۔

سماعت کے دوران عدالت نے وکلا سے استفسار کیا کہ وہ مرکزی اپیل پر دلائل کیوں نہیں دے رہے۔ اس پر لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ آئندہ روز دلائل کے لیے تیار ہوں گے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اپیل اور متفرق درخواست دونوں کو یکجا سن لیا جائے گا۔

عدالت نے دریافت کیا کہ آیا اپیل کی پیپر بک تیار ہے یا نہیں۔ اس پر پیپر بک تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ پیپر بک کی تیاری میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ عدالت نے مرکزی اپیل کو آئندہ ہفتے کے لیے مقرر کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے فریقین کو تیاری کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی۔

لطیف کھوسہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس کیس میں سزا پہلے ہی معطل ہو چکی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقلی کی درخواست پر ریاست کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ وکلا کی جانب سے ہسپتال منتقلی کی درخواست کو کل سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا بھی کی گئی۔

عدالت نے توشہ خانہ فوجداری کیس میں مرکزی اپیل کی آئندہ سماعت 10 مارچ کو مقرر کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔