نورا فتیحی کا امن کے پیغام پر تنقید کرنے والوں کو دوٹوک جواب

Calender Icon بدھ 4 مارچ 2026

ممبئی (نیوز ڈیسک)بھارتی اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی نے ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر امن کی اپیل کرنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید کا جواب دے دیا ہے۔ نورا فتیحی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک نئی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ناقدین کو کھل کر جواب دیا۔

نورا فتیحی نے کہا کہ لوگ اب بات کو سمجھنے اور سننے کی صلاحیت کھوتے جا رہے ہیں اور تنقیدی سوچ وہ چیز ہے جو ہم سب نے اسکول میں سیکھی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا پیغام امن اور اتحاد کے لیے ہے اور یہ ہر انسان کے لیے ہے، چاہے وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں رہتا ہو یا کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو۔

اداکارہ نے کہا،
“اگر امن کی بات آپ کو مشتعل کر دیتی ہے تو پھر آپ کو اپنا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ ہر ملک اور ہر انسان اس دنیا کا حصہ ہے۔ بدامنی کے خلاف بولنے کا مطلب دشمن بن جانا نہیں ہوتا۔”

انہوں نے اپنے روزے کے دوران ایک ذاتی لمحہ بھی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ
“ہم ایک ایسی دنیا میں رہ رہے ہیں جہاں اگر آپ امن کی بات کریں تو لوگ ناراض ہو جاتے ہیں، اور یہ بات واقعی خوفناک ہے۔”

نورا فتیحی نے ویڈیو کے ساتھ لکھا،
“میں اپنے مؤقف پر قائم ہوں۔ اگر عالمی امن اور اتحاد آپ کو تکلیف دے رہا ہے تو پھر آپ کو مدد لینے کی ضرورت ہے۔”

واضح رہے کہ چند روز قبل نورا فتیحی نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر سوشل میڈیا پر اظہارِ خیال کیا تھا، جس میں انہوں نے مسلسل آنے والی افسوسناک خبروں اور مناظر کو جذباتی طور پر پریشان کن قرار دیا تھا۔ تاہم ان کے اس بیان پر انہیں شدید ردعمل اور تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

نورا فتیحی کے تازہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے، جہاں کچھ صارفین ان کے مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں جبکہ بعض اسے غیر ضروری قرار دے رہے ہیں۔