شکارپور (نیوز ڈیسک) شکارپور میں مزدا گاڑی نے سوئے ہوئے افراد کو کچل دیا جس کے باعث 5 بچوں سمیت 8 افراد جاں بحق جبکہ 5 شدید زخمی ہوگئے۔
آلو اور پیاز سے بھری ہوئی مزدا گاڑی تیز رفتاری کے باعث بجلی کے پول سے ٹکرا کر سڑک کنارے سوئے افراد پر چڑھ دوڑی، دو بچوں سمیت 8 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے، حادثے کی اطلاع پر پولیس کے اعلیٰ حکام اور بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
شکارپور پولیس کے مطابق کندن چورنگی میں پیش آنے والا یہ حادثہ کئی گھروں کے چراغ بجھا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 38 سالہ گوبھی، 40 سالہ رابعہ، 10 سالہ ریما، 8 سالہ رشیدہ، 8 سالہ سمعیہ، 12 سالہ انعام اللہ، 6 سالہ پیاری اور 17 سالہ منی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق زخمیوں میں سلیمان خمیسو، اویس اور وجے شامل ہے، افسوسناک حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کا سماں ہے، ہر آنکھ اشکبار ہے، پولیس کے مطابق حادثے کا ذمہ دار مزدا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا، زخمیوں کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئی ہے، پولیس نے مزدا گاڑی کو تحویل میں لے لیکر حادثے کی تحقیقات شروع کردی۔