وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی شادی کے بعد حیدرآباد میں شاندار استقبالیہ تقریب

Calender Icon جمعرات 5 مارچ 2026

حیدرآباد (نیوز ڈیسک)وجے دیوراکونڈا اور رشمیکا مندانا کی شادی کے بعد تقریبات کا سلسلہ جاری ہے، تاہم حیدرآباد میں منعقدہ استقبالیہ تقریب کے دوران وجے کے ایک مزاحیہ جملے نے محفل کو خوشگوار بنا دیا اور رشمیکا ہنسی سے لوٹ پوٹ ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں نے چند روز قبل ایک نجی تقریب میں شادی کی، جس میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ تقریب کی تصاویر یا ویڈیوز سوشل میڈیا پر لیک نہ ہوں۔ بعد ازاں اس جوڑے نے خود اپنی شادی اور سنگیت کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد مداحوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔

شادی کے بعد پورا ہفتہ اس جوڑے کے لیے مصروف رہا اور دونوں مختلف ملاقاتوں اور تقریبات میں شرکت کرتے نظر آئے۔ اسی سلسلے میں بدھ 4 مارچ کو حیدرآباد کے معروف ہوٹل Taj Krishna میں ایک شاندار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں قریبی دوستوں، فلمی شخصیات اور اہم مہمانوں نے شرکت کی۔


استقبالیہ تقریب میں میڈیا کو بھی محدود رسائی دی گئی اور دونوں اداکار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ فوٹوگرافروں کے سامنے آئے۔ تقریب کے دوران لی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔

تقریب کے آغاز پر فوٹوگرافروں سے گفتگو کرتے ہوئے وجے دیوراکونڈا نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ وہ اس آخری شادی کی تقریب کے بعد “خاموشی سے زیرِ زمین چلے جانا چاہتے ہیں”، جس پر انہوں نے سونے کا اشارہ بھی کیا۔ ان کے اس جملے پر رشمیکا مندانا ہنس پڑیں اور محفل میں موجود افراد بھی مسکرا اٹھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں اداکاروں کی دوستی اور قربت کا آغاز 2018 میں فلم Geetha Govindam کی شوٹنگ کے دوران ہوا تھا، جس کے بعد ان کے تعلقات کی خبریں وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہیں۔ اب مداح اس جوڑی کو شادی کے بندھن میں بندھتے دیکھ کر بے حد خوش ہیں۔