پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

Calender Icon جمعرات 5 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوزڈیسک)پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا گیا۔خطے کی صورتحال اور پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کے پیش نظر حکومت غیرقانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد اور مقامات کیخلاف کارروائی کرےگی۔

اوگرا نے صوبائی چیف سیکریٹریز اور ضلعی انتظامیہ کو متحرک کرنے کی ہدایت کردی، ڈپٹی کمشنرز کو غیرقانونی پیٹرول ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیدیا گیا۔ترجمان اوگرا کے مطابق ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، شہری افواہوں پر کان نہ دھریں،غیرضروری پیٹرول خریدنے سے گریز کریں، اوگرا کی ٹیمیں آئل ڈپوز اور پمپوں پر ذخائر کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، موجودہ حالات کے باوجود ملک میں پیٹرولیم سپلائی مستحکم ہے۔

بیان کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، غیر قانونی طور پر پیٹرول ذخیرہ کرنے والے پمپس سیل کئے جائیں گے، غیر مجاز مقامات پر پیٹرولیم مصنوعات ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف بھی ایکشن ہوگا۔