قومی ہڑتال، 12 مارچ کو برسلز ایئرپورٹ سے تمام روانہ ہونے والی مسافر پروازیں منسوخ

Calender Icon ہفتہ 7 مارچ 2026

بیلجیئم میں 12 مارچ کو ہونے والی قومی ٹریڈ یونین ہڑتال کے باعث برسلز ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی تمام مسافر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے اور طویل قطاروں سے بچنے کے لیے 12 مارچ کو تمام روانہ ہونے والی مسافر پروازیں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم اس روز کچھ آنے والی پروازیں بھی متاثر ہو سکتی ہیں اور ان میں سے بعض کو منسوخ کیا جا سکتا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ہڑتال کے باعث سیکیورٹی اور گراؤنڈ ہینڈلنگ عملے کی بڑی تعداد ڈیوٹی پر موجود نہیں ہوگی، جس کے نتیجے میں پروازوں کا معمول کا آپریشن ممکن نہیں رہے گا۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایئر لائنز متاثرہ مسافروں سے براہِ راست رابطہ کریں گی اور انہیں ٹکٹ کی تبدیلی یا دیگر متبادل سفری انتظامات کے بارے میں آگاہ کریں گی۔

دوسری جانب برسلز ایئر پورٹ نے بھی اعلان کیا ہے کہ قومی مظاہرے کے باعث اسے اپنی زیادہ تر پروازیں منسوخ کرنا پڑ سکتی ہیں، کیونکہ جہازوں کے روانہ نہ ہونے کی صورت میں ان کی واپسی کی پروازیں بھی متاثر ہوں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس بھی بیلجیئم میں ٹریڈ یونین کی کارروائیوں کے باعث فضائی سفر کئی مرتبہ متاثر ہوا تھا جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے اور ایئرلائنز کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔