اسلام آباد: مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے تناظر میں پاکستان توانائی میں خودمختاری کے حصول کیلئے مقامی پیداوار بڑھانے کی حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ اس سلسلے میں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ مقامی سطح پر تیل اور گیس کی پیداوار میں اضافے کیلئے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل توانائی کی خودمختاری اور تیل و گیس کے شعبے میں ترقی کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے اور اس شعبے میں پیش رفت کیلئے مربوط اقدامات جاری ہیں۔
او جی ڈی سی ایل نے قدرتی گیس کی پیداوار میں 5 فیصد اضافے کے ساتھ یومیہ 865 ملین مکعب فٹ پیداوار کا ہدف مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کمپنی خام تیل کی پیداوار میں بھی اضافہ چاہتی ہے اور روزانہ 40 ہزار بیرل پیداوار کے حصول کے ذریعے 14 فیصد اضافے کیلئے کوشاں ہے۔
کمپنی عالمی بحران کے ممکنہ اثرات سے نمٹنے کیلئے مقامی وسائل سے متبادل تلاش کرنے پر بھی کام کر رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق قدرتی وسائل کو قومی آئل کمپنیوں کے ذریعے ترقی دینا ایک مثبت اسٹریٹجک اقدام ہے۔ ماہرِ شعبۂ توانائی محمد عارف کا کہنا ہے کہ موجودہ معاشی بحران کے باعث قومی آئل کمپنیوں پر بڑھتا انحصار تیل و گیس کی درآمدات کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی آئل کمپنیوں کی جانب سے مقامی دریافتیں توانائی کے شعبے کیلئے مثبت پیش رفت ہیں۔ حکومت پاکستان اور ایس آئی ایف سی توانائی کے شعبے میں ترقی اور مستحکم معیشت کیلئے فعال اقدامات کر رہے ہیں۔












اتوار 8 مارچ 2026 