سشانت سنگھ خودکشی کیس؛ 5 سال بعد ریا چکرورتی کو بڑا ریلیف مل گیا

Calender Icon ہفتہ 4 اکتوبر 2025

بالی ووڈ اداکارہ ریا چکرورتی کو بالآخر پانچ سال بعد ان کا پاسپورٹ واپس مل گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بمبئی ہائیکورٹ نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (NCB) کو اداکارہ کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ان کی ضمانت کی شرائط میں نرمی کی جائے۔

یاد رہے کہ ریا چکرورتی کا پاسپورٹ 2020 میں ضبط کیا گیا تھا، جب وہ ایک ڈرگ کیس میں نامزد ہوئیں، جو اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی تحقیقات کے دوران سامنے آیا تھا۔

ابھرتے ہوئے اداکار سشانت سنگھ جون 2020 میں ممبئی میں اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے تھے۔ ان کی موت نے پورے بھارت میں ہلچل مچادی تھی اور ریا اس کیس میں سب سے زیادہ تنقید اور دباؤ کا شکار رہیں۔

یاد رہے کہ سشانت کی موت کے بعد ریا کو گرفتار کیا گیا تھا تاہم ایک ماہ بعد اس ضمانت پر رہائی ملی تھی کہ وہ اپنا پاسپورٹ این سی بی کے پاس جمع کرائیں۔

ریا کے لیے پاسپورٹ واپس ملنے کا فیصلہ ایک بڑا ریلیف سمجھا جا رہا ہے کیونکہ اب وہ فلمی دنیا اور ذاتی زندگی میں آزادانہ سفر اور نئے مواقع حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔

33 سالہ ریاچکروتی نے پاسپورٹ واپس ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور سوشل میڈیا پر پاسپورٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اب اپنی زندگی کے “چیپٹر ٹو” کے لیے تیار ہیں۔