یو اے ای میں پاکستانی ہیلپ ڈیسک 24 گھنٹے فعال، کمیونٹی کو رابطے میں رہنے کی ہدایت

Calender Icon پیر 9 مارچ 2026

دبئی / ابوظہبی(نیوز ڈیسک) پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لئے ایک خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانہ ابوظہبی اور قونصل خانہ دبئی کمیونٹی کی مدد کیلئے مکمل طور پر متحرک ہیں، دونوں مشنز میں چوبیس گھنٹے فعال ہیلپ ڈیسک قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو فوری رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا سکے۔

سفیرِ پاکستان کا کہنا تھا کہ ہیلپ ڈیسک کا مقصد ویزا، سفر، دستاویزی امور اور دیگر ہنگامی مسائل کے حوالے سے پاکستانی شہریوں کو بروقت معلومات اور سہولت فراہم کرنا ہے، سفارتی مشنز کا عملہ کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ضرورت پڑنے پر فوری مدد فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ یو اے ای میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور باہمی تعاون کی ایک اہم کڑی ہے، سفارتخانہ اور قونصل خانہ پاکستانی شہریوں کی سہولت کیلئے تمام ضروری اقدامات کر رہے ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

سفیر شفقت علی خان نے پاکستانی شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی معلومات یا مسئلے کیلئے صرف سفارتخانے اور قونصل خانے کے سرکاری ذرائع سے رابطہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں یا افواہوں سے گریز کریں، سفارتی مشنز کمیونٹی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے اور ضرورت کے مطابق مزید ہدایات بھی جاری کی جائیں گی۔