فلم دھرندھر 2 نے ریلیز سے قبل ہی پیشگی ٹکٹ فروخت کا ریکارڈ توڑ دیا

Calender Icon پیر 9 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نئی بالی وڈ فلم Dhurandhar 2 نے نمائش سے پہلے ہی پیشگی ٹکٹوں کی فروخت میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا اور اس طرح اس نے فلم Stree 2 کا سابقہ ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہدایت کار Aditya Dhar کی فلم Dhurandhar گزشتہ سال دسمبر میں نمائش کے بعد بڑی کامیابی ثابت ہوئی تھی، جس کے بعد اس کے دوسرے حصے کا شائقین کو بے صبری سے انتظار تھا۔ اب اس کا تسلسل Dhurandhar 2 بھی ریلیز سے پہلے ہی غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔

گزشتہ ہفتے فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد پیشگی ٹکٹوں کی فروخت شروع کی گئی۔ شائقین 7 مارچ کو صبح 11 بج کر ایک منٹ سے ٹکٹ خریدنے لگے جس کے بعد پہلے 24 گھنٹوں کے اندر تقریباً 87 ہزار ٹکٹ فروخت ہو گئے۔

فلمی ٹکٹوں کی فروخت کے معروف آن لائن پلیٹ فارم BookMyShow کے مطابق 9 مارچ کی صبح تک ڈیڑھ لاکھ سے زائد صارفین فلم دیکھنے کے لیے دلچسپی ظاہر کر چکے تھے جبکہ مجموعی طور پر دو لاکھ سے زیادہ ٹکٹوں کی بکنگ ہو چکی تھی۔

فلمی تجزیاتی ویب سائٹ Sacnilk کے مطابق بھارت میں فلم کے ابتدائی شوز کے لیے 2 لاکھ 6 ہزار ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں جن سے 12 کروڑ 29 لاکھ بھارتی روپے سے زائد آمدنی حاصل ہو چکی ہے۔

اطلاعات کے مطابق فلم کا زیادہ تر کاروبار ہندی زبان کے ورژن سے ہو رہا ہے تاہم تمل زبان میں ڈب شدہ ورژن نے بھی سب کو حیران کر دیا ہے اور اس کے پیشگی شوز سے تقریباً 10 لاکھ روپے کی آمدنی ہو چکی ہے۔

فلم Dhurandhar: The Revenge نے افتتاحی شوز سے ہونے والی کمائی میں بالی وڈ کی فلم Stree 2 کا 10 کروڑ روپے کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کی باقاعدہ نمائش میں ابھی نو دن باقی ہیں اور اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ پیشگی ٹکٹوں کی فروخت میں مزید اضافہ ہوگا۔