پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ صاحبہ افضل نے اپنی بہو ڈھونڈنے کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ممکن ہے کہ چھوٹے بیٹے زین کی شادی پہلے کر دوں۔
اداکارہ صاحبہ افضل، جن کا اصل نام مدیحہ ہے، انہوں نے 1990ء کی دہائی میں پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے کے بعد مقبولیت حاصل کی۔
صاحبہ کی شادی ریمبو کے نام سے شہرت رکھنے والے ساتھی اداکار افضل خان سے ہوئی تھی، ان کی شادی کو اب تقریباً 3 دہائیاں گزر چکی ہیں اور ان کے 2 بیٹے احسن اور زین ہیں۔
ان میں سے ایک احسن افضل خان اب پاکستانی شوبز انڈسٹری میں بطور اداکار اپنی اپنی جگہ بنا رہے ہیں، حالیہ عرصے میں صاحبہ نے ٹیلی وژن ڈراموں میں دوبارہ کام شروع کیا ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے بیٹوں کی شادیوں اور اپنے شوہر افضل خان کی حد سے زیادہ خیال رکھنے والی طبیعت کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
بیٹوں کی شادیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احسن کا فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وہ اس وقت اپنے کیریئر پر توجہ دے رہا ہے کیونکہ یہ اس کی محنت کا وقت ہے، وہ بتدریج کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے اور اسی کے لیے پوری لگن سے کام کر رہا ہے جبکہ زین اس وقت تعلیم حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لیکن ہمارا خیال ہے کہ ہم احسن سے پہلے زین کی شادی کر دیں گے، آج کل جب بھی ہم کہیں جاتے ہیں تو ممکنہ رشتوں کے لیے لڑکیوں کو دیکھتے رہتے ہیں اور اگر کسی شادی یا تقریب میں کوئی خوبصورت لڑکی نظر آ جائے تو ہم اس کے بارے میں سوچنے لگتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ظاہر ہے اگر ہم آج سے تلاش شروع کریں گے تو وقت پر کوئی نہ کوئی مناسب رشتہ مل ہی جائے گا، ہم اپنے بیٹوں کی خواہشات اور پسند کا بھی خیال رکھیں گے اور مجھے یقین ہے کہ وہ بھی اپنے فیصلوں میں ہمیں شامل کریں گے۔
صاحبہ نے یہ بھی کہا کہ میں اپنی بہوؤں کے ساتھ ایک نرم مزاج ساس بنوں گی، لیکن ریمبو ان کے ساتھ تھوڑے سخت ہوں گے، کبھی کبھی میں اس بارے میں سوچتی ہوں، مگر وہ ان سے بہت محبت بھی کریں گے، وہ بہت زیادہ خیال رکھنے والے ہیں۔












منگل 10 مارچ 2026 