اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولاناعبدالغفورحیدری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِ پیٹرولیم، سیکرٹری پیٹرولیم سمیت تمام متعلقہ عہدیداروں کو فوری طور پر برطرف کیا جائے، جنہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کو اعتماد میں نہیں لیا۔ میاں نواز شریف، وزیرِاعظم میاں شہباز شریف سے یہ سوال کر رہے تھے کہ رات کی تاریکی میں پیٹرول کی قیمتوں میں یہ “ڈاکا” کیوں ڈالا گیا۔ اگر ایسا ہے تو پھر وزیرِاعظم کو بھی اس فیصلے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہونا چاہیے۔جنگ ایران میں ہو یا خلیجی ممالک میں، وہاں بھی تیل کی قیمتوں میں اس طرح اضافہ نہیں کیا گیا، لیکن پاکستان میں قیمتیں اس قدر بڑھا دی گئی ہیں کہ غریب تو پہلے ہی پریشان تھا، اب متوسط طبقے کی قوتِ خرید بھی جواب دے چکی ہے۔ہمارے حکمرانوں کو ایسے مواقع پر قوم کو ریلیف دینے کے بجائے اسے لوٹنے کا موقع مل جاتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکنِ پارلیمنٹ نوید قمر کو مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود کلمۂ حق کہا اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا۔یہ تمام فیصلے وزیرِاعظم اور ان کی کچن کابینہ کے ہیں، جو قومی معیشت کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔جمعیت علماء اسلام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتی ہے اور اسے مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔
وزیرِاعظم وکابینہ معیشت کو دونوں ہاتھوں لوٹ رہے ہیں، غفورحیدری
منگل 10 مارچ 2026












