اسلام آباد: قائم مقام صدر پاکستان سردار ایاز صادق نے غزہ میں جنگ بندی کی امید کو ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور اسرائیل کے مابین جنگ بندی سے مشرق وسطیٰ میں امن کی راہ ہموار ہوگی۔
سردار ایاز صادق نے مزید کہا کہ اس جنگ بندی کے لیے قطر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، اردن، مصر اور انڈونیشیا کی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے مسلم ممالک کی قیادت کی جانب سے امریکی صدر سے ملاقات میں غزہ جنگ بندی پر ٹھوس موقف اختیار کرنے کی بھی تعریف کی۔
ان کا کہنا تھا کہ حماس کا جنگ بندی کا بیان امن کی جانب پہلا قدم ہے، جسے مزید آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ قائم مقام صدر نے زور دیا کہ فلسطینیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان فلسطین میں مستقل امن کے لیے اپنے تمام دوست و برادر ممالک کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا، ان شاءاللہ۔