لاہور(نیوز ڈیسک) حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اس موقع پر آج مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد، جبکہ سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
کراچی میں صدر کی مختلف سڑکوں اورگلیوں کوکنٹینرر لگا کر بند کردیا گیا، مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
راولپنڈی میں یوم علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا، پشاور میں یوم علی کا جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر ختم ہو گیا، جلوس کوچی بازار سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ سید عالم شاہ پر اختتام پزیر ہوا۔
وزیرداخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں یوم علی کے جلوس کے روٹ اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور سکیورٹی کےغیرمعمولی انتظامات یقینی بنا نے کی ہدایت کردی۔
وزیرداخلہ ضیا لنجار نے کہا کہ 28 فروری واقعے کی انکوائری ہو رہی ہے، ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے، کسی کوذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا، انہوں نے پولیس افسران کے تبادلے کو انتظامی معاملہ قرار دیا۔
لاہور میں مرکزی جلوس رواں دواں
یومِ علیؓ کا مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو گیا ہے جو اپنے قدیمی اور روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مغرب کے قریب کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔
جلوس کے موقع پر 8 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں جبکہ جلوس کی حفاظت کے لیے چار درجاتی سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق جلوس میں شریک ہونے والے عزاداروں کو چار مختلف مقامات پر چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے، اس کے علاوہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی جلوس کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلوس کے راستوں سے منسلک تمام گلیوں اور سڑکوں کو خاردار تاروں، ٹینٹ اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔












بدھ 11 مارچ 2026 