کراچی: محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق سائیکلونک طوفان “شکتّی” اب ایک شدید سائیکلونک طوفان کی شکل اختیار کر گیا ہے۔ طوفان اس وقت کراچی سے تقریباً 390 کلومیٹر جنوب،جنوب مغرب میں موجود ہے۔
پی ایم ڈی کا کہنا ہے کہ طوفان کل شمالی بحیرہ عرب پہنچنے کے بعد کمزور ہونا شروع ہوگا۔ تاہم، اس دوران بدین، ٹھٹھہ، سجاول، جامشورو اور کراچی کے علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔ سندھ کے ساحلی علاقوں میں 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے جھکڑ والی ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔
طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 100 سے 110 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے، جبکہ جھکڑ کی صورت میں یہ رفتار 125 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے۔ ماہی گیروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 5 اکتوبر تک گہرے سمندر میں نہ جائیں۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ طوفان کے کمزور ہونے کے ساتھ ہی سمندر کے حالات بھی بتدریج معمول پر آنے لگیں گے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین موسمی اطلاعات پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔