پی آئی اے کی برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ، آپریشنز کا باضابطہ اعلان کردیا

Calender Icon ہفتہ 4 اکتوبر 2025

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے اعلان کیا ہے کہ وہ 25 اکتوبر سے برطانیہ کے لیے اپنے آپریشنز کا آغاز کرے گی۔ پہلے مرحلے میں پی آئی اے اسلام آباد سے مانچسٹر کے لیے ہفتے اور منگل کو ہفتہ وار دو پروازیں چلائے گی۔اسلام آباد سے مانچسٹر پرواز دوپہر 12 بجے روانہ ہوگی اور شام 5 بجے مانچسٹر پہنچے گی۔مانچسٹر سے اسلام آباد پرواز شام 7 بجے روانہ ہوگی اور اگلی صبح 7 بجے اسلام آباد پہنچے گی۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، مانچسٹر کے لیے پروازوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا اور دوسرے مرحلے میں لندن کے لیے پروازیں بھی شروع کی جائیں گی۔ پروازوں کی بکنگ کھول دی گئی ہے اور مسافروں کے لیے انتہائی مناسب کرایہ متعارف کروایا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ نئے شیڈول کے تحت مسافر اب 15 گھنٹے کی بجائے صرف 8 گھنٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانچ سال کے وقفے کے بعد پی آئی اے اس روٹ کو دوبارہ شروع کرنے پر بہت پرجوش ہے۔

ترجمان نے کہا کہ “ہمارا نصب العین ہے کہ ہم مسافروں کو انتہائی آرام دہ اور تمام تر سہولیات سے مزین سفری تجربہ فراہم کریں۔” پی آئی اے اپنے مسافروں کو بہترین خدمات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔