جتن سرنا کی سلمان خان کی حمایت، فلم ’’سکندر‘‘ کی ناکامی پر ایک شخص کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں

Calender Icon بدھ 11 مارچ 2026

ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارتی اداکار جتن سرنا نے فلم ’’سکندر‘‘ کی ناکامی کے معاملے پر اداکار سلمان خان کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی ایک شخص کو اس کے نتائج کا ذمہ دار قرار دینا مناسب نہیں۔

یہ بحث اس وقت شروع ہوئی جب فلم کے ہدایت کار اے آر مروگادوس نے ایک گفتگو میں اشارہ دیا کہ فلم کی تیاری کے دوران کام کے اوقات اور طریقۂ کار کے باعث بعض مشکلات پیش آئیں، جن کا اثر بعد میں فلم کی کاروباری کارکردگی پر بھی پڑا۔

تاہم جتن سرنا نے ایک انٹرویو میں اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فلم کی عکس بندی کے دوران ایسے مسائل محسوس نہیں کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان خان اکثر ان کے مقررہ وقت سے بھی پہلے مقامِ عکس بندی پر پہنچ جاتے تھے۔

اداکار کے مطابق سلمان خان نے صحت کے مسائل کے باوجود بھرپور محنت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ایک منظر کی عکس بندی کے دوران اداکار کی پسلیوں میں چوٹ تھی اور کندھے میں بھی تکلیف تھی، لیکن اس کے باوجود وہ ورزش کرتے، سائیکل چلاتے اور اپنے تمام مناظر ادا کرتے رہے۔

جتن سرنا نے مزید کہا کہ سلمان خان اُس دوران ایک مشہور تفریحی پروگرام کی میزبانی بھی کر رہے تھے اور اکثر اس پروگرام کی عکس بندی مکمل کرنے کے بعد سیدھا فلم کی عکس بندی کے لیے پہنچتے تھے۔ تھکن کے باوجود وہ مسلسل کام کرتے رہے اور انہوں نے کبھی کام سے گریز نہیں کیا۔

فلم کی کارکردگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جتن سرنا نے کہا کہ وہ ناکامی کی کوئی ایک وجہ بیان نہیں کر سکتے۔ ان کے مطابق فلم کی تیاری میں شامل تمام افراد نے خلوص اور محنت کے ساتھ کام کیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کئی ناظرین نے فلم دیکھنے کے بعد انہیں بتایا کہ انہیں فلم پسند آئی۔

واضح رہے کہ فلم ’’سکندر‘‘ تقریباً دو سو کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کی گئی تھی جبکہ عالمی سطح پر اس کی کمائی تقریباً ایک سو چوراسی کروڑ روپے کے قریب رہی۔