اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی ہدایت پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں وسیع پیمانے پر کفایت شعاری اقدامات نافذ کر دیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق یہ اقدامات وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے شروع کی گئی کفایت شعاری مہم کے تحت کیے گئے ہیں تاکہ سرکاری اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق کفایت شعاری مہم کے تحت ستر فیصد سرکاری گاڑیاں بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ارکان قومی اسمبلی کی دو ماہ کی تنخواہوں اور الاؤنسز میں پچیس فیصد کٹوتی بھی کی جائے گی۔
اسی طرح پارلیمانی وفود کے بیرون ملک دوروں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ گریڈ بیس اور اس سے اوپر کے افسران یا وہ افسران جن کی ماہانہ تنخواہ تین لاکھ روپے یا اس سے زائد ہے، ان کی دو دن کی تنخواہ قومی خزانے میں جمع کرائی جائے گی۔
نوٹیفیکیشن کے تحت قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تمام غیر ضروری خریداری فوری طور پر بند کر دی گئی ہے جبکہ صرف ناگزیر روزمرہ ضروریات کے لیے محدود خریداری کی اجازت دی گئی ہے۔
مزید برآں قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس غروب آفتاب سے پہلے منعقد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس زیادہ تر مجازی طریقے سے منعقد کیے جائیں گے۔
اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا اسی فیصد عملہ گھر سے مجازی طور پر اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا اور ایسے ملازمین کو اضافی الاؤنس نہیں دیا جائے گا۔
کفایت شعاری پالیسی کے تحت قومی اسمبلی میں ہفتے میں چار کام کے دن مقرر کیے گئے ہیں اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کی تعداد بھی محدود رکھی جائے گی۔
اس کے علاوہ بجلی کے استعمال میں ستر فیصد کمی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور غیر ضروری بتیوں اور برقی آلات بند رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے کیفے ٹیریاز کے بجلی اور دیگر سہولیات کے بلوں میں بھی ستر فیصد بچت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید اخراجات کم کرنے کے لیے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں کاغذ کے استعمال میں کمی لانے اور جدید طرز پر کاغذ سے پاک دفتری نظام اپنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔












بدھ 11 مارچ 2026 