وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ان کے لئے باعثِ اعزاز ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر کا اظہار کیا اور آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی کو خراج تحسین پیش کیا۔ آپریشن بنیان مرصوص میں پاکستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کی بدولت جنگ میں عظیم کامیابی ملی۔کورس میں غیر ملکی شرکاء کی شرکت سے ملکوں کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ غیر ملکی شرکاء اپنے ممالک کے سفیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن جغرافیائی لحاظ سے یہ خطے کا اہم ملک ہے۔ریسکیو اینڈ ریلیف سے متعلق مریم نواز نے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا سامنا کیا۔ 25 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ پنجاب کی کابینہ اور انتظامیہ نے ایک ٹیم بن کر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو تین وقت کا کھانا اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ کلینک آن بوٹس کی سہولت بھی متعارف کرائی گئی اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے لئے جامع اقدامات کئے گئے۔انہوں نے بتایا کہ گڈ گورننس، درست پالیسیاں، اور سخت محنت وزیراعلیٰ کے طور پر میری ترجیحات ہیں۔ عوام کی بے لوث خدمت مشن ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کینسر ہسپتال تکمیل کے قریب ہے۔ سرویکل کینسر کی مفت ویکسین اور ایئر ایمبولینس سروس شروع کی گئی۔ صوبے میں کارڈیالوجی ہسپتالز بنائے جا رہے ہیں اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ طلبہ کے لئے ہونہار سکالرشپس پروگرام شروع کیا گیا۔ ہر شہر میں سینٹرز آف ایکسیلینس قائم کئے جا رہے ہیں۔زراعت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ کسانوں کو ٹریکٹرز اور جدید مشینری فراہم کی جا رہی ہے، جو ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔سموگ کے خاتمے، شجرکاری مہم، اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں کلومیٹر سڑکیں بنائی گئیں، ستھرا پنجاب پروگرام شروع کیا گیا اور غربت کے خاتمے کے لئے مستحق خاندانوں کو راشن کارڈ فراہم کئے گئے۔ انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 13 روپے میں مل رہی ہے۔’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ گھر بنائے جا رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ وہ عوام کی خدمت کے جذبے سے کام کر رہی ہیں اور پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ’’قومی سلامتی اور جنگی کورس‘‘ کے شرکاء سے خطاب

