کیا ایران کیلیفورنیا پر حملہ کرنے والا ہے؟

Calender Icon جمعرات 12 مارچ 2026

امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر امریکی فوجی حملوں کے جواب میں امریکا کے مغربی ساحل، خصوصاً کیلیفورنیا میں ڈرون حملہ کر سکتا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس خطرے کی تصدیق کے لیے فی الحال کوئی ٹھوس انٹیلی جنس موجود نہیں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ انتباہ ایک خفیہ میمو کے ذریعے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجا گیا، جو جوائنٹ ٹیررازم ٹاسک فورس کے تحت مختلف ایجنسیوں میں تقسیم کیا گیا۔

میمو میں کہا گیا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر کسی نامعلوم جہاز سے بغیر پائلٹ ڈرونز کے ذریعے امریکا کے ساحل کے قریب سے اچانک حملہ کرنے کا ارادہ رکھ سکتا ہے، جس کے ممکنہ اہداف کیلیفورنیا میں واقع غیر متعین مقامات ہو سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ معلومات فروری کے اوائل میں حاصل ہوئی تھیں، جس میں یہ امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ اگر امریکا ایران پر حملہ کرتا ہے تو ایران اس کے جواب میں کارروائی کر سکتا ہے۔

تاہم لاس ایجلس ٹائمز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ یہ انتباہ صرف احتیاطی نوعیت کا ہے اور اس وقت کسی قابلِ اعتماد یا مستند انٹیلی جنس پر مبنی نہیں۔

دوسری جانب سابق امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی انٹیلی جنس چیف جان کا کہنا ہے کہ ایران کی لاطینی امریکا اور میکسیکو سمیت جنوبی امریکی خطوں میں موجودگی اور اس کی بڑھتی ہوئی ڈرون صلاحیتیں سیکیورٹی اداروں کے لیے تشویش کا باعث ہیں۔