وزیراعظم سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے

Calender Icon جمعہ 13 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ دوسرے پر موجود تھے۔

مختصر دورے میں وزیراعظم شہباز شریف کی مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم شہباز شریف نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور پاکستان کیلئے مملکت سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ان آزمائشی حالات میں مملکت سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کیلئے مشترکہ طور پر کام جاری رکھا جائے گا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گا۔