راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آپریشن غضب للحق کے تحت پاک افواج نے افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف مؤثر فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بارہ اور تیرہ تاریخ کی درمیانی شب ہونے والی کارروائیوں میں افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے چار دہشت گرد ٹھکانوں سمیت فوجی تنصیبات کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران کابل میں تین سو تیرہ کور کے ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعلقہ انفراسٹرکچر تباہ ہو گیا۔
اسی طرح قندھار میں تراوو نامی دہشت گرد کیمپ کو بھی کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مؤثر فضائی کارروائیوں کے دوران قندھار کے ہوائی اڈے پر موجود تیل ذخیرہ کرنے کی جگہ اور اس سے ملحقہ رسد کا نظام بھی تباہ کر دیا گیا۔
مزید ایک فضائی حملے میں صوبہ پکتیا کے علاقے شیرِناؤ میں قائم دہشت گرد کیمپ کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن غضب للحق کے تحت دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور مقررہ اہداف کے مکمل حصول تک یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔












جمعہ 13 مارچ 2026 