کراچی، کریمنلز ہزاروں گاڑیاں ،سیکڑوں موبائل، درجنوں بائیکس لے اڑے

Calender Icon جمعہ 13 مارچ 2026

کراچی (نیوزڈیسک)رواں سال کے ابتدائی مہینوں کے دوران شہر میں گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور موبائل فونز کی چھینا جھپٹی کی وارداتیں تھم نہ سکیں اور گزشتہ ماہ (فروری) مسلح ملزمان نے شہریوں کو کروڑوں روپے مالیت کی 3 ہزار 343 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم کر دیا اور اسی دوران لاکھوں روپے مالیت کے 1237 موبائل فونز بھی شہریوں سے چھین لیے گئے۔

سی پی ایل سی کی جانب سے اسٹریٹ کرائمز کے حوالے سے جاری اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دو ماہ (جنوری اور فروری) میں شہری مجموعی طور 7 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے، ڈاکوؤں نے شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کے دو ہزار 677 موبائل فونز بھی چھین لیے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران شہر میں قتل و غارت گری کے واقعات میں 90 افراد موت کے گھاٹ اتار دیے گئے اور شہر میں بھتہ خوری کے 56 واقعات سامنے آئے، جس میں سب سے زیادہ 27 واقعات فروری میں پیش آئے۔

سی پی ایل سی کے مطابق گزشتہ ماہ فروری میں شہر کے مختلف علاقوں سے کار و موٹر سائیکل لفٹرز نے شہریوں سے 22 گاڑیاں اور 452 موٹر سائیکلوں چھین لیں، 143 گاڑیاں اور دو ہزار 726 موٹر سائیکلیں چوری کرلی گئیں۔

فروری میں شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں کو 1237 موبائل فونز سے محروم کر دیا گیا اور فروری کے 28 روز میں شہر میں قتل و غارت گری کے واقعات میں 40 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، بھتہ خوری کے 27 واقعات پیش آئے جبکہ ایک واقعہ اغوا برائے تاوان کا بھی پیش آیا۔

سی پی ایل سی کے اعداد و شمار کے مطابق شہر میں گزشتہ دو ماہ میں شہریوں کی کروڑوں روپے مالیت کی 40 گاڑیاں چھینی گئیں، 281 گاڑیاں چوری کرلی گئیں اور 869 موٹر سائیکلیں چھینی گئیں، اس کے ساتھ ساتھ شہریوں کی 5 ہزار 818 موٹر سائیکلیں چوری بھی کی گئیں۔