فتح کا اعلان کریں اور ایران جنگ سے نکل جائیں، صدر ٹرمپ کو مشیر کا مشورہ

Calender Icon ہفتہ 14 مارچ 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی وائٹ ہاؤس مشیر نے ایران کے ساتھ جاری تنازع سے نکلنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اس جنگ میں واپسی کا راستہ تلاش کرنا چاہیے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹرمپ کے مصنوعی ذہانت اور کرپٹو سے متعلق امور کے مشیر ڈیوڈ ساکس نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اچھا وقت ہے کہ ہم فتح کا اعلان کریں اور اس جنگ سے نکل جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسا قدم واضح طور پر وہی ہے جو عالمی منڈیاں دیکھنا چاہتی ہیں۔

ڈیوڈ ساکس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب رواں ماہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ طویل عرصے تک جاری رکھ سکتا ہے۔

اپنے پوڈکاسٹ میں ڈیوڈ نے امریکا کی جانب سے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر مزید حملوں کے ممکنہ نتائج پر بھی تشویش ظاہر کی، جن میں جوہری جنگ کا خطرہ بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ ایک ایسے گروہ کو دیکھ رہے ہیں، جو صرف ریپبلکن پارٹی تک محدود نہیں، جو جنگ کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

ڈیوڈ کے مطابق اگر ایرانی توانائی کے مزید انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا گیا تو ایران خلیجی ریاستوں میں موجود تیل اور گیس کے ڈھانچے کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے، جو کہیں زیادہ خطرناک صورت حال پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ میں مزید شدت پورے خلیج کے خطے کو تقریباً ناقابل رہائش بنا سکتی ہے۔