اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یوم پاکستان کے موقع پر ملک کے معروف انسانی حقوق کے کارکنوں اور سماجی رہنماؤں نے قوم کے نام خصوصی پیغامات جاری کرتے ہوئے اتحاد، خدمت اور قومی عزم کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
سماجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ 23 مارچ وہ تاریخ ساز دن ہے جب ایک قوم نے اپنے تشخص، وقار اور آزاد وطن کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا عہد کیا تھا۔ ان کے مطابق یہ دن قوم کو اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی بنیاد قربانی، اتحاد اور مشترکہ جدوجہد پر رکھی گئی۔
محمد رمضان چھیپا نے اپنے پیغام میں کہا کہ مایوسیوں کے اندھیروں میں امید اور خدمت کے چراغ جلانا ہی اصل قومی جذبہ ہے۔
اسی طرح سید ظفر عباس نے کہا کہ معاشرے میں ایسے کئی درد اور مشکلات موجود ہیں جو زبان پر نہیں آتے، مگر خدمت کا جذبہ رکھنے والے لوگ انہیں محسوس کر کے خاموشی سے مدد کرتے ہیں۔
انس احمد نے کہا کہ مشکلات کے باوجود اپنے حصے کی ذمہ داری ادا کرنا ہی حقیقی قومی خدمت ہے۔
معروف انسانی حقوق کے کارکن انصار برنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم حقیقت پسند ہے اور سچ کو سچ اور جھوٹ کو جھوٹ کہنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔
مسرت مصباح نے کہا کہ 23 مارچ محض ایک قرارداد نہیں بلکہ ایک ایسا عہد ہے جس کے ذریعے قوم نے ایک دوسرے کا ساتھ دینے اور ایک آزاد وطن بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان روشن مستقبل کا حامل ملک ہے اور قوم اگر متحد رہے تو ترقی کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔
اسی طرح شہزاد ساجد اور حافظ محمد عرفان قربان نے بھی قوم کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ یوم پاکستان دراصل ان وعدوں کی یاد دہانی ہے جو قوم نے اپنی سرزمین کے ساتھ کیے تھے۔
سماجی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں اور جب قوم متحد ہو کر آگے بڑھتی ہے تو ملک مضبوط اور مستحکم ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ پاکستان ہمارے اسلاف کی قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کی امانت ہے جس کی حفاظت اور ترقی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔












پیر 16 مارچ 2026 