پشاور (نیوز ڈیسک) فرنٹیئر کور نارتھ کے وارسک فرنٹیئر کور سینٹر میں بنیادی فوجی تربیت کے 36ویں کورس کی شاندار پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس میں تربیت مکمل کرنے والے ریکروٹس نے بھرپور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں مجموعی طور پر 1350 ریکروٹس نے کامیابی کے ساتھ اپنی بنیادی فوجی تربیت مکمل کی جبکہ ان میں سے 500 جوانوں نے اسپیشل آپریشنز فورس میں شمولیت اختیار کی۔
پریڈ کے دوران فرنٹیئر کور کے 29 چاق و چوبند جوانوں نے 15 منٹ تک تھری نا تھری رائفل کے ساتھ انتہائی مہارت، نظم و ضبط اور شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جسے شرکاء نے بھرپور داد دی۔
تقریب میں انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نارتھ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں شیلڈز اور اعزازی شمشیر تقسیم کیں۔
ریکروٹ جمیل الدین نے تمام شعبوں میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی اور اعزازی شمشیر اپنے نام کی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی پروقار تقریب میں اعلیٰ سول و فوجی حکام، ریکروٹس کے اہل خانہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ فرنٹیئر کور نارتھ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرتی رہے گی۔












پیر 16 مارچ 2026 