پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ سینئر اداکارہ اسما عباس نے انکشاف کیا ہے کہ جب چھوٹے بیٹے کو ہنی مون پر تھائی لینڈ بھیجا تو اسے مشورہ دیا کہ وہاں جا کر بیوی کو کلب لے جائے وہاں انہیں کوئی نہیں جانتا ہوگا، یہ سن کر وہ ہنس پڑا۔
حال ہی میں اسما عباس نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر بات چیت کی۔ انہوں نے اپنی بہوؤں کو تلاش کرنے کے قصے بھی سنائے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹوں کے مزاج کا پتہ تھا، صرف یہی نہیں بلکہ اپنے مزاج کو بھی ذہن میں رکھتے ہوئے بہوؤں کی تلاش کی۔
انہوں نے کہا کہ بڑے بیٹے کے لیے لڑکی ڈھونڈنے گئی تو لڑکی کی والدہ نے کہا کہ اسے کچھ نہیں آتا صرف شادیوں پر ڈانس کرنا آتا ہے، میں نے کہا کہ بہت اچھی بات ہے مجھے یہی تو چاہیے تھا، جبکہ دوسرے بیٹے کا مزاج باس ٹائپ ہے تو اس کے لیے ویسی لڑکی تلاش کی۔
اسما عباس نے کہا کہ میرے بڑے دونوں بیٹے ہوشیار تھے ان کی شادی سے قبل لڑکیوں سے دوستیاں تھیں لیکن چھوٹے بیٹے کی کوئی دوست نہیں تھی لیکن چھوٹا بیٹا سب سے آگے نکلا اس نے اپنی پسند کی لڑکی سے شادی کی۔
سینئر اداکارہ نے بتایا کہ چھوٹی بہو بہت سادہ مزاج ہے اس لیے شادی کے بعد جب احمد اور بہو ہنی مون کے لیے تھائی لینڈ جارہے تھے تو روانگی سے قبل بیٹے کو مشورہ دیا کہ وہ بیوی کو تھائی لینڈ میں کلب لے کر جائے، وہاں اندھیرا بھی ہوتا ہے اور انہیں وہاں کوئی جانتا بھی نہیں۔