اداکار نمیر خان نے بتایا کہ وہ پہلے آئی ٹی سیکٹر میں نوکری کرتے تھے، لیکن ایک دن کے اشتہار کی کمائی دیکھ کر اسی فیلڈ میں اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔
نمیر خان نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی زندگی کے دلچسپ اور یادگار واقعات شیئر کیے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں وہ دوستوں کے ساتھ رات گئے تک کرکٹ کھیلتے تھے، ایک رات جب وہ تین دوستوں کے ساتھ کھیلنے کی تیاری کر رہے تھے تو تین موٹر سائیکلوں پر سوار چھ لڑکے وہاں آگئے۔
اداکار کے مطابق انہوں نے موبائل اور پرس مانگا، لیکن چونکہ ان کے پاس کچھ نہیں تھا، اس لیے چوروں نے ان کی اور دیگر لڑکوں کی خوب پٹائی کی اور چلے گئے۔
نمیر خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ لاہور میں یہی ہوتا ہے، لیکن کراچی میں ایسا نہیں ہوتا، یہاں کے چور عزت سے چوری کرتے ہیں۔
اداکار نے بتایا کہ وہ پیشے کے لحاظ سے سافٹ ویئر انجینئر ہیں، وہ اداکاری سے قبل آئی ٹی کے شعبے سے منسلک تھے اور وہ اس وقت بھی کینیڈا سے ماسٹرز کر رہے ہیں۔
نمیر خان کے مطابق جب وہ نوکری کر رہے تھے تو انہیں ماڈلنگ کا خیال آیا اور انہوں نے ایک ایجنسی میں اپنا پورٹ فولیو جمع کرایا، کچھ عرصے بعد انہیں کوکا کولا کے ایک اشتہار کی آفر ملی، جس میں ان کے ساتھ سجل علی اور مومنہ مستحسن بھی شامل تھیں اور اس اشتہار کی شوٹنگ کے بعد ان کے خیالات بدل گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ انڈسٹری واقعی کمال کی ہے، انہوں نے اُس اشتہار سے ہونے والی کمائی کا موازنہ اپنی نوکری سے کیا تو وہ حیران رہ گئے اور دل میں خیال آیا کہ یہ تو سافٹ ویئر انجینئر کے ساتھ ناانصافی ہے، وہ اتنی محنت کرتے ہیں، لیکن اس طرح کی آمدنی نہیں ہوتی اور سب سے بڑھ کر یہ کہ اس کام میں انہیں مزہ بھی آیا، یہی وجہ ہے کہ اس تجربے کے بعد انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اسی فیلڈ میں اپنا کیریئر بنائیں گے۔