شاہ رخ خان اور آریان خان میں حیران کن مماثلت ہے،کرن جوہر

Calender Icon اتوار 5 اکتوبر 2025

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کے معروف فلم ساز کرن جوہر نے حال ہی میں اپنے قریبی دوست اور سپر اسٹار شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان خان کے درمیان پائی جانے والی مماثلتوں پر بات کی ہے۔

کرن جوہر، جو آریان خان کی ہدایت کاری میں بننے والی پہلی فلم *Ba***ds of Bollywood* میں بھی نظر آئے، کئی بار شاہ رخ خان کو اپنا “بھائی” اور آریان کو “پہلا بیٹا” قرار دے چکے ہیں۔

مشہور یوٹیوب شو *گیم چینجرز* پر کومل نہٹا سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ شاہ رخ اور آریان میں ایک جیسی اور ایک مختلف خوبی کیا ہے، تو کرن جوہر نے کہا:
“دونوں ہی ہر شاٹ اور ہر سین کو لے کر بے حد جذباتی اور جنونی ہیں۔ آریان اس وقت بے چین ہو جاتے ہیں جب انہیں اپنی پسند کے مطابق چیز نہ ملے۔ لیکن ان میں فرق یہ ہے کہ آریان کیمرے کے پیچھے ہیں جبکہ شاہ رخ کیمرے کے سامنے۔”

انہوں نے اپنے انٹرویو میں شاہ رخ خان کے ساتھ دوستی پر بھی روشنی ڈالی اور بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی کرن سے فلموں کے معاوضے پر بات نہیں کی۔
“میں شاہ رخ خان کے بارے میں بہت گہرا محسوس کرتا ہوں۔ وہ میرے دوست، استاد، بھائی اور سب کچھ ہیں۔ وہ واحد شخص ہیں جنہوں نے مجھ سے کبھی پیسوں کی بات نہیں کی۔ ہمیشہ یہی کہا کہ جو بھی تمہیں چاہیے، کاغذ بھیج دو، میں سائن کر دوں گا۔ آج تک انہوں نے میرے ساتھ کسی فلم کے معاوضے یا اسکرپٹ پر بات نہیں کی،” کرن جوہر نے انکشاف کیا۔

یاد رہے کہ کرن جوہر اور شاہ رخ خان کی دوستی کا آغاز 1995ء میں سپرہٹ فلم *دل والے دلہنیا لے جائیں گے* کے دوران ہوا تھا۔

واضح رہے کہ کرن جوہر آخری بار آریان خان کی فلم *Ba***ds of Bollywood* میں نظر آئے، جس میں لکشے، ساہر بمبا، بوبی دیول، رگھو جویال، منوج پاہوا، انیا سنگھ اور مونا سنگھ بھی اہم کرداروں میں شامل تھے۔