پیغام ماضی، پاکستان کے تصور سےتصویر تک، خواب کی تعبیر تک

Calender Icon بدھ 18 مارچ 2026

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) یومِ پاکستان کے موقع پر ماضی کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد تازہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان ایک خواب سے حقیقت تک کا سفر ہے، جو لاکھوں لوگوں کی قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کا نتیجہ ہے۔

پاکستان آباؤ و اجداد کے جان و مال کی عظیم قربانیوں سے حاصل ہوا، جس کی بنیاد تحریکِ آزادی کے شہدا کے خون سے رکھی گئی۔ بزرگوں کے حوصلے، عزم اور بے لوث کردار نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ایک آزاد وطن کی بنیاد رکھی۔

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے بزرگ حاجی یعقوب نے ان دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت مسلم لیگ اور کانگریس دو بڑی جماعتیں تھیں، اور عوام کی اکثریت مسلم لیگ کے ساتھ کھڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بچے، بڑے، مائیں اور بیٹیاں سب پاکستان کے قیام کے لیے دعائیں کر رہے تھے، جبکہ شدید غربت کے باوجود لوگوں کے دلوں میں آزادی کی تڑپ موجود تھی۔

حاجی یعقوب کے مطابق اس دور میں حالات انتہائی سخت تھے، غلہ میسر نہیں تھا، مگر عوام کے دلوں میں یہ عزم تھا کہ پاکستان بننا چاہیے، چاہے اس کے لیے بھوک اور تکالیف ہی کیوں نہ برداشت کرنی پڑیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کی استقامت اور بے مثال قربانیوں نے ظلمت کے اندھیروں کو مٹا کر آزادی کی شمع روشن کی، جس کا ثمر آج ایک آزاد اور خودمختار پاکستان کی صورت میں پوری قوم کے سامنے ہے۔