گلین فلپس نے کرکٹ کے میدان کے بعد فضاؤں میں مہارت دکھا کر سب کو حران کر دیا

Calender Icon جمعرات 19 مارچ 2026

نیوزی لینڈ کے اسٹار آل راؤنڈر گلین فلپس نے ایک بار پھر سب کو حیران کر دیا، مگر اس بار کرکٹ میدان میں نہیں بلکہ فضاؤں میں اپنی مہارت دکھا کر۔

29 سالہ کرکٹر، جو اپنی جارحانہ بیٹنگ اور شاندار فیلڈنگ کے لیے جانے جاتے ہیں، اب ایک وائرل ویڈیو کے باعث خبروں میں ہیں جس میں وہ بااعتماد انداز میں طیارہ اڑاتے نظر آ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں فلپس کو کاک پٹ میں مکمل مہارت کے ساتھ جہاز کنٹرول کرتے دیکھا جا سکتا ہے، حتیٰ کہ وہ نہایت مہارت سے لینڈنگ بھی کرتے ہیں، جس نے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا۔


گلین فلپس پیشہ ور کمرشل پائلٹ بننے کے اپنے خواب کو بھی سنجیدگی سے آگے بڑھا رہے ہیں، انہوں نے حال ہی میں ایک فلائنگ اسکول کا دورہ کیا، جہاں طلبہ اور انسٹرکٹرز سے ملاقات کی اور جدید فلائٹ سمیولیٹرز کا تجربہ کیا۔

اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ وہاں کا تجربہ بہت شاندار تھا، A320 سمیولیٹر سمیت دیگر سہولتوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلپس اپنی کرکٹ مصروفیات کے باوجود فلائنگ کی پریکٹس جاری رکھتے ہیں، گزشتہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھی وہ اپنے ہوٹل روم میں فلائٹ سمیولیٹر لے آئے تھے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ 4 سے 5 گھنٹے تک فلائنگ سمیولیٹر پر وقت گزارتے ہیں اور مختلف روٹس جیسے بحرین سے دبئی، لندن سے مانچسٹر اور آکلینڈ سے کرائسٹ چرچ تک کی پریکٹس کرتے ہیں۔