ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ کی نئی فلم دھرندھر 2 کی ریلیز کے بعد جہاں مداحوں اور ناقدین کی توجہ اس فلم پر مرکوز ہے، وہیں فلم ساز رام گوپال ورما کے بیان نے بھی خاصی بحث چھیڑ دی ہے۔ فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار راکیش بیدی نے اس حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے ورما کی تعریف اور حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
فلم دھورندھر 2، جس کی ہدایتکاری آدتیہ دھر نے کی ہے اور جس میں رنویر سنگھ مرکزی کردار میں جلوہ گر ہیں، 19 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔ ابتدائی اسکریننگ کے بعد ہی فلم کو انڈسٹری میں بھرپور توجہ حاصل ہوئی۔
راکیش بیدی نے ایک گفتگو میں کہا کہ وہ رام گوپال ورما کے شکر گزار ہیں، جو مختلف پلیٹ فارمز پر فلم کے حق میں مضبوط انداز میں بات کرتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی حوصلہ افزائی کسی بھی فنکار کے لیے بہت اہم ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ رام گوپال ورما نے فلم دیکھنے کے بعد اسے کلاسک فلم شعلے سے بھی بڑا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کا اثر، بزنس، عوامی ردعمل اور سنیماٹک اسکیل “شعلے سے سو گنا زیادہ” ہو سکتا ہے۔
راکیش بیدی نے مزید کہا کہ انہیں ابتدا سے ہی یقین تھا کہ یہ فلم نہ صرف معیار بلند کرے گی بلکہ اسے توڑ بھی دے گی، اور شائقین اسے بار بار دیکھنا پسند کریں گے۔
فلم کی کاسٹ میں دیگر بڑے نام بھی شامل ہیں جن میں ارجن رامپال، سنجے دت، آر مادھون اور سارہ ارجن شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق فلم کی کامیابی بڑے پیمانے کے سنیما کے رجحانات پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔












جمعرات 19 مارچ 2026 