اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کے آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں متنازع رن آؤٹ کے بعد غصے کا اظہار مہنگا پڑ گیا، جس پر انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے سرزنش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ڈھاکہ میں کھیلے گئے میچ کے دوران سلمان علی آغا ایک رن آؤٹ کے باعث میدان سے باہر گئے تو انہوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنا سامان زمین پر پھینکا اور ڈریسنگ روم کی طرف روانہ ہو گئے۔
آئی سی سی کے مطابق کھلاڑی نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی ہے اور اس پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ بیان کے مطابق سلمان علی آغا کو ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.2 کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا گیا، جو میچ کے دوران کرکٹ کے سازوسامان یا دیگر اشیاء کے غلط استعمال سے متعلق ہے۔
مزید بتایا گیا کہ کھلاڑی نے اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے اور جرمانہ قبول کر لیا ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق لیول ون خلاف ورزی پر سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ یا ایک سے دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جا سکتی ہے۔
میچ کے دوران یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے اور بنگلہ دیش کے بولر مہدی حسن مرزا نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وکٹیں گرا دیں، جس کے بعد پاکستانی کھلاڑی کا ردعمل سامنے آیا۔












جمعرات 19 مارچ 2026 