اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور عزم کی ایک روشن داستان ہے، جس میں آباؤ و اجداد نے اپنی جان و مال کی بے مثال قربانیاں دے کر ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ یہ مملکت خداداد تحریک آزادی کے شہدا کے خون سے سینچی گئی، جس نے غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ایک نئی تاریخ رقم کی۔
بزرگوں کے عزم، حوصلے اور بے لوث کردار نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ وطن کا خواب دیا، جو بالآخر حقیقت میں تبدیل ہوا۔ ان قربانیوں اور جدوجہد کی بدولت آج پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ریاست کے طور پر موجود ہے۔
پنجاب سے تعلق رکھنے والے بزرگ سید نزہت حسین شاہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محمد علی جناح ایک عظیم رہنما تھے جنہوں نے ہمیشہ دیانتداری اور اصولوں کی پاسداری کو مقدم رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے وطن کے لیے ہر چیز قربان کر دی اور سادگی کا یہ عالم تھا کہ وہ صرف ایک روپیہ تنخواہ لیتے تھے۔
سید نزہت حسین شاہ کے مطابق نئی نسل کو یہ بتانا بے حد ضروری ہے کہ پاکستان کن کن مشکلات اور قربانیوں کے بعد حاصل ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک یہ حقائق نوجوانوں تک نہیں پہنچائے جائیں گے، انہیں اس وطن کی اصل قدر کا احساس نہیں ہو سکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس عظیم مملکت کے قیام کے لیے بے شمار جانوں کی قربانیاں دی گئیں، اور بزرگوں کے عزم و استقامت نے ظلمت کے اندھیروں کو ختم کر کے آزادی کی شمع روشن کی، جو آج بھی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔












جمعہ 20 مارچ 2026 